عرب میڈیا پر اس وقت ایک ٹرینڈ چل رہا ہے ” الولاء للخارج خيانة وطن ” یعنی بیرون ملک وفاداری وطن سے غداری ہے۔ در اصل یہ جملہ بحرین کے وزیر داخلہ شیخ راشد بن عبد اللہ آل خلیفہ کی آج کی تقریر سے ماخوذ ہے۔
انھوں نے ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آس پاس، خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال میں بیرونی مداخلت کا بڑا ہاتھ ہے اور ہمارے لیے بحرین اور اس کے باسیوں کی سلامتی ریڈ لائن ہے۔ ان کا یہ جملہ اس وقت عرب سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔
انھوں نے واضح طور پر کہا کہ بیرونی قوتوں سے وفاداری وطن سے غداری ہے۔ در اصل بحرینی وزیر داخلہ کے اس بیان کا ایک خاص پس منظر ہے۔
جنرل قاسم سلیمانی اور اسماعیل ہنیہ کی اموات کے بعد بحرین کے مختلف حصوں میں بیرونی ملک کی مداخلت و حمایت سے احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہونے لگ گیا تھا۔ اب حسن نصر اللہ کی موت پر بھی مملکت کے مختلف حصوں میں ویسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
در اصل بحرین کے حکام کو لگتا ہے کہ کوئی ملک ہے جو بحرین کے اندرونی معاملات میں ایک مخصوص فرقے کے ذریعے مداخلت کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
بحرینی وزیر داخلہ نے کہا ہمارا مقصد ریاست کو مضبوط بنانا ہے اور ہماری ذمہ داری بحرین کے تمام شہریوں اور یہاں مقیمین کی زندگیوں کی حفاظت کرنا ہے۔
ہم یہاں کسی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ بیرونی مداخلتوں کے تمام راستوں کو روکیں۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ بحرین میں رہنے والے ہر شخص کے جان و مال کی حفاظت کی جائے گی۔
بحرینی وزیر داخلہ کا یہ بیان عرب سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہو رہا ہے۔ لوگ ان کے اس بیان پر ٹرینڈز بنا رہے ہیں۔ عرب صارفین کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی اور الہامی جملہ ہے۔
جن معاشروں میں بیرونی مداخلت ہوتی ہے وہ معاشرے کھنڈرات کا ڈھیر بن جاتے ہیں۔ جیسا کہ بعض عرب ممالک میں ہوا اور ہو رہا ہے۔ معاشروں کا امن ہی ان کی تعمیر وترقی کا ضامن ہوتا ہے۔
بحرین کی معروف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ خلود سلمان نے لکھا ہے کہ محترم وزیر داخلہ کا بیان نہایت خوش آئند ہے۔ بلاشبہ ہمارے لیے ہمارا وطن ہی ریڈ لائن ہے۔
انھوں نے اپنے وزیر داخلہ کے اس جملے "بیرون ملک وفاداری وطن سے غداری ہے” کو کئی بار تکرار سے لکھا۔ بہرکیف بحرینی وزیر داخلہ کے اس جملے نے عرب صارفین کو بہت انگیج کیا ہے۔