مکہ مکرمہ / مدینہ منورہ:رمضان المبارک کے آخری عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی حرمین شریفین میں روح پرور عبادات کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے اور ہزاروں افراد اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے کیلئے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں بیٹھ گئے ہیں۔
سعودی عرب میں ماہِ رمضان کے بیسویں روزے کے بعد اعتکاف کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس سال 15 ہزار سے زائد افراد نے حرمین شریفین میں اعتکاف کیلئے پیشگی رجسٹریشن کروائی ہے۔
رمضان کے آخری دس دنوں میں لیلۃ القدر کی تلاش کیلئے معتکفین اور معتمرین خصوصی عبادات، تلاوت قرآن اور نوافل میں مصروف ہیں۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں روحانیت سے بھرپور مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں جہاں دنیا بھر سے آنے والے مسلمان عبادت میں مشغول ہیں۔
حرمین شریفین کی انتظامیہ نے معتکفین کیلئے خصوصی انتظامات بھی کیے ہیں تاکہ عبادت کرنے والوں کو سہولت اور سکون میسر آ سکے۔
دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث بعض بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کے بعد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود زائرین کی بڑی تعداد حرمین شریفین کا رخ کر رہی ہے، جس کے باعث مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
رمضان کے آخری عشرے میں دنیا بھر کے مسلمان لیلۃ القدر کی تلاش اور زیادہ سے زیادہ عبادت کیلئے حرمین شریفین کا رخ کرتے ہیں، جس کے باعث یہ ایام ہر سال غیر معمولی روحانی ماحول اور عقیدت کے مظاہرے کا منظر پیش کرتے ہیں۔
