اب سے چند گھنٹے قبل ایران نے اسرائیل پر بلیسٹک میزائل داغے، داغے گئے میزائلوں کی حتمی تعداد تو معلوم نہیں ہو سکی تاہم کہا جاتا ہے کہ 200 کے لگ بھگ میزائل فائر کیے گئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق ان حملوں سے کوئی اسرائیلی ہلاک نہیں ہوا۔
اسرائیل پر ایرانی حملوں کے متعلق سوشل میڈیا صارفین ملے جلے رد عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ اکثر صارفین کا کہنا ہے کہ ایران کے اسرائیل پر حملوں سے اسرائیل کو کوئی فرق نہیں پڑتا اور فلسطین کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا۔
لوگ یہ سوال بھی اٹھا رہے ہیں کہ جب اسرائیل حملہ کرتا ہے تو زیر زمین موجود ہدف تک بھی پہنچ جاتا ہے لیکن جب ایران حملہ کرتا ہے تو زمین کے اوپر بھی کسی کو نقصان نہیں پہنچتا، ایسا کیوں ہے؟
اسرائیل پر ایرانی حملے کے دوران دیکھا گیا کہ تل ابیب کا آسمان کافی دیر تک مکمل سُرخ رہا جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق چلتی رہے۔ شہری اطمینان سے اپنا کام کرتے رہے۔
ایران کے اس حملے سے اسرائیل کا کوئی خاطر خواہ نقصان نہیں ہوا لیکن امریکی صدر جو بائڈن اور اسرائیلی حکام نے ایران کے خلاف جوابی کاروائی کا اعلان کردیا ہے۔