کراچی: میرین ٹریفک سے حاصل معلومات کے مطابق خلیج عمان میں امریکی کارروائی کے دوران نشانہ بننے والا ایرانی کمرشل جہاز کراچی بندرگاہ پہنچ گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ جہاز، جسے Strait of Hormuz کے قریب خلیج عمان میں امریکی نیوی کے گائیڈڈ میزائل جنگی جہاز یو ایس ایس اسپروینس نے نشانہ بنایا تھا، اب پاکستان کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہے۔ذرائع کے مطابق امریکی جہاز نے ایرانی کمرشل جہاز ایم وی ٹوسکا کے انجن روم کو نشانہ بنایا تھا، جس کے باعث جہاز کا انجن مکمل طور پر بند ہو گیا اور وہ سمندر میں معذور ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق 19 اپریل کو حملے کے بعد امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے اہلکار جہاز پر اترے اور اس پر کنٹرول حاصل کیا گیا۔ بعد ازاں جہاز کی مکمل تلاشی بھی لی گئی، جس کے دوران مختلف حصوں کا معائنہ کیا گیا۔پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز کو شدید تکنیکی نقصان پہنچا ہے، خاص طور پر انجن روم متاثر ہونے کے باعث جہاز کی فعالیت متاثر ہوئی۔ ابتدائی جائزے کے مطابق اس کی مرمت شپ یارڈ میں ممکن ہے، تاہم مکمل بحالی کے لیے وقت درکار ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اگر مرمت کا عمل شروع کیا گیا تو اس میں جدید تکنیکی سہولتوں اور انجینئرنگ مہارت کی ضرورت ہوگی، کیونکہ انجن سسٹم کو براہِ راست نقصان پہنچا ہے۔یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خلیج عمان اور آبنائے ہرمز کے آس پاس سمندری صورتحال پہلے ہی کشیدہ ہے اور عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل کو خطرات لاحق ہیں۔
