لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں پاکستان کے مؤثر کردار کی ایک بڑی وجہ ’’معرکۂ حق‘‘ میں حاصل ہونے والی کامیابی ہے، جس نے دنیا میں پاکستان کی اہمیت اور وقار کو مزید بڑھا دیا۔
لاہور چیمبر آف کامرس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اگر اب ’’معرکۂ ترقی‘‘ نہ جیتا گیا تو ’’معرکۂ حق‘‘ کے ثمرات اور اس کے دفاع کو زیادہ عرصے تک برقرار رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم بنانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم نے اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کے جذبے کے تحت دشمن کا مقابلہ کیا اور یہی جذبہ معرکۂ حق میں کامیابی کا سبب بنا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک متحد قوم کی حیثیت سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے اور اب اسی جذبے کو معاشی میدان میں منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے غیر معمولی سنجیدگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا کیونکہ مضبوط معیشت ہی قومی سلامتی اور استحکام کی بنیاد بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی، خوشحالی اور معاشی خود کفالت کے بغیر کوئی بھی ملک عالمی سطح پر مضبوط حیثیت برقرار نہیں رکھ سکتا۔
انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نے کئی گنا بڑے دشمن کو مؤثر جواب دے کر دنیا کو حیران کر دیا۔ ان کے مطابق بھارت کے خلاف کامیابی نے پاکستان کو عالمی سطح پر نئی شناخت اور وقار دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ خطے کی بدلتی صورتحال میں پاکستان کی سفارتی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع میں بھی پاکستان کو ایک اہم کردار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
