بھارت سے تعلق رکھنے والے نامور مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان کے طویل دعوتی دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پر حکومتی ذمہ داران نے ان کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت پاکستان کی دعوت پر پاکستان پہنچے ہیں۔ وہ ملائیشیا میں مقیم ہیں اور یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
اس دورے کے دوران ڈاکٹر صاحب کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں دعوتی جلسوں اور مختلف سیمنارز سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی بعض مذہبی جماعتوں اور راہنماؤں کی طرف سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے دورہ پاکستان پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی اور تحریک لبیک پاکستان کے بعض رہنماوں سمیت کچھ دیگر مذہبی سکالرز نے ڈاکٹر صاحب کے دورہ پاکستان کو غیر ضروری قرار دیا ہے۔
مذہبی علماء نے ان کی بعض تقاریر پر تنقید کرتے ہوئے، انھیں حقیقت کے منافی قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک چونکہ حکومت پاکستان کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں اس لیے انھیں سرکاری گیسٹ کا پروٹوکول اور سیکیورٹی حاصل ہوگی۔