پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں سعودی نائب وزیر داخلہ ناصر بن عبدالعزیز الداؤد کا استقبال کیا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، انہوں نے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے پاکستان کے وزیر داخلہ محسن رضا نقوی سے بھی ملاقات کی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ پااکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی سعودی حکام میں شامل تھے۔
پاکستانی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی اور سعودی نائب وزیر داخلہ ناصر بن عبدالعزیز الداؤد کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے بھی اتفاق کیا گیا کہ سعودی عرب میں مقید 419 پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے حوالے سے قانونی عمل جلد مکمل ہو جائے گا۔
محسن رضا نقوی نے کہا کہ سعودی شہریوں کو پاکستان آنے کے لئے ویزے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ وہ جب چاہیں پاکستان آسکتے ہیں۔ سعودی نائب وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
دونوں طرف کے حکام کے درمیان ریاض اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔