امریکا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو ایک اہم اور کلیدی شراکت دار قرار دیتے ہوئے خطے میں اس کے کردار کو سراہا ہے۔
امریکی سینیٹ کی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ افغانستان میں جاری دہشتگرد سرگرمیوں اور سکیورٹی خطرات کے باعث یہ خطہ بدستور واشنگٹن کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ افغانستان امریکی نگرانی کی فہرست میں اب بھی پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ وسطی ایشیائی ممالک بھی وہاں سے پیدا ہونے والے دہشتگردی کے خطرات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ایڈمرل بریڈ کوپر نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان انسدادِ دہشتگردی میں امریکا کا ایک قابلِ اعتماد شراکت دار ثابت ہوا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان خصوصاً داعش خراسان کے خلاف کارروائیوں میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کے نتیجے میں دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر اور ٹھوس کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف حاصل ہونے والی یہ کامیابیاں پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط تعلقات، مشترکہ حکمت عملی اور تعاون کا واضح ثبوت ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کے اس بیان کو سفارتی اور دفاعی حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب خطے میں سکیورٹی صورتحال، افغانستان کی غیر یقینی کیفیت اور شدت پسند تنظیموں کی سرگرمیاں عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment