اٹلی کے وزیرِ اقتصادیات جان کارلو جیو جیتی نے فٹبال فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایران کی جگہ اٹلی کو شامل کرنے کی تجویز کو سخت الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے اسے “شرمناک” قرار دے دیا ہے۔
یہ ردِعمل اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک قریبی ساتھی کی جانب سے یہ تجویز دی گئی کہ ایران کی جگہ اٹلی کی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شامل کیا جائے۔
جان کارلو جیو جیتی نے اس تجویز پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آج ہی اس بارے میں علم ہوا ہے اور یہ بات انتہائی باعثِ شرمندگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا تو یہ نہ صرف کھیل کے اصولوں کے خلاف ہوگا بلکہ اٹلی کے لیے بھی باعثِ ندامت ہوگا۔
اس سے قبل اٹلی کے وزیرِ کھیل آندرے ابودی بھی اس تجویز کو مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ورلڈ کپ میں شمولیت کا فیصلہ صرف میدانِ کھیل میں کارکردگی کی بنیاد پر ہوتا ہے اور اسی اصول کو برقرار رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جگہ اٹلی کو شامل کرنا نہ تو ممکن ہے اور نہ ہی یہ کھیل کی روح کے مطابق ہوگا۔تجزیہ کاروں کے مطابق اس نوعیت کی تجاویز عالمی کھیلوں کے ضوابط اور میرٹ کے اصولوں کے خلاف سمجھی جاتی ہیں، اور اس پر اٹلی کی جانب سے فوری اور سخت ردِعمل اسی تناظر میں سامنے آیا ہے۔
