پاکستان میں تعینات خادم الحرمین الشریفین کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر کچھ تصاویر شئیر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں 4 نئے امدادی منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں۔
انھوں نے لکھا کہ انسانی خدمت کے ان چاروں منصوبوں کے لیے 14 ملین ڈالرز کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اور یہ رقم خادم الحرمین الشریفین کے خصوصی مرکز "شاہ سلمان ریلیف فنڈ برائے انسانی امداد” سے فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں "شاہ سلمان ریلیف فنڈ برائے انسانی امداد” کے اسسٹنٹ جنرل سپر وائزر انجینئیر احمد البیز اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان 4 نئے پروگرامز پر دستخط ہوئے۔
یہ چاروں نئے پروگرامز قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے فعال ہوں گے۔ اور ان پروگراموں کے لیے مختص کی گئی 14 ملین ڈالرز کی رقم صرف متاثرین کی بحالی کے کاموں پر خرچ کی جائے گی۔
اس سلسلے میں سعودی اور پاکستانی منتظمین اور اہم نمائندوں کے درمیان یہ طے پایا کہ اس ریلیف فنڈ سے متاثرہ خاندانوں کو تعمیراتی کاموں میں امداد فراہم کی جائے گی۔