وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کہتے ہیں کہ ساری پی ٹی آئی لیڈرشپ خون خرابہ یا فساد نہیں چاہتی۔ یہ سب کا ملک ہے اور سب یہاں امن چاہتے ہیں لیکن یہاں ایک خفیہ ہاتھ ہے جو پیچھے بیٹھ کر خون خرابہ کروا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ریاست سے کوئی نہیں لڑ سکتا، ریاست کب تک صبر کا مظاہرہ کرے گی۔ بلآخر ہمیں ریاست بچانے کے لیے اور ریاست کی رٹ قائم کرنے کے لیے اہم اقدامات کرنا پڑیں گے۔
انھوں نے کہا، ہم ریاستی رٹ بہر صورت قائم کریں گے لیکن اس سے پہلے سب لوگ دیکھ لیں کہ کون محاذ آرائی چاہ رہا ہے اور کون تحمل سے کام لے رہا ہے۔
ریاستیں تحمل ہی کیا کرتی ہیں لیکن وہ اپنی رٹ کو بھی بحال کرتی ہیں۔ ہمیں مجبور کیا جا رہا ہے کہ ہم ریاستی رٹ کو آہنی ہاتھوں سے قائم کریں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے، ہمیں اسے بچانا ہے، اپنے لوگوں کو بچانا ہے۔ ہماری ریاستی ذمہ داری ہے کہ ہم اُن لوگوں کو بھی بچائیں جو آج ہمارے اوپر گولیاں چلا رہے ہیں۔
لیکن کچھ عناصر اور ایک خفیہ ہاتھ ہے جو یہاں خون خرابہ اور فسادات چاہتا ہے۔ وہ خفیہ ہاتھ کامیاب نہیں ہوگا۔ بلکہ وہ بے نقاب ہوگا۔ ریاست کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی۔