وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں جاری احتجاج کے دوران شہید ہوجانے والے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات، جنرل سید عاصم منیر چیف آف آرمی سٹاف، اعلیٰ حاضر سروس فوجی اور سول حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے کسی انتشار اور خونریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ تشدد کی یہ کارروائیاں ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہیں جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تحمل کی حدود سے تجاوز کر رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پوری قوم رینجرز کے شہید سپاہیوں اور ان تمام پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے شہادت قبول کی اور ان فسادات کے دوران زخمی ہونے والوں کو بھی سلیوٹ کرتی ہے۔
شہدا کی میتیں ان کے آبائی شہروں میں پہنچا دی گئی ہیں جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔