پاکستان کی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین کے خلاف کل رات شروع کیا گیا گرینڈ آپریشن مکمل کرلیا ہے۔ گرینڈ آپریشن کو ڈی چوک سے لیکر 9 کلومیٹر اطراف کے علاقوں میں مکمل کیا گیا۔ جس میں 500 مظاہرین کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گرفتار مظاہرین میں کچھ ایسے لوگ بھی تھے جنھیں اسلام آباد کی انتظامیہ افغانی قرار دے رہی تھی اور کہا جا رہا تھا کہ وہ پہلے سے ہی پولیس کو مطلوب تھے۔ پاکستان کے قومی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بشری بی بی اور علی امین گنڈا پور جو اس مظاہرے کو لیڈ کر رہے تھے، دونوں فرار ہوگئے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اضافی نفری جو مختلف صوبوں سے اسلام آباد منگوائی گئی تھی اسے واپس روانہ کردیا گیا ہے۔ انٹر نیٹ سروس، اسکول اور کالجز آج کھول دیے جائیں گے۔ ڈی سی اسلام آباد کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ شہر کے اطراف میں لگائے گئے کنٹینرز ہٹادیں۔ شہر کی کاروباری سرگرمیاں آج جبکہ تعلیمی سرگرمیاں کل سے شروع ہوں گی۔