وزارت مذہبی امور اور پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے 2025 کے حج کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت پی آئی اے سرکاری سکیم کے تحت 35,000 عازمین کو حج کے سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔ پی آئی اے چھ بڑے شہروں سے پروازیں چلائے گی جن میں کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، ملتان اور سکھر شامل ہیں۔
وفاقی کابینہ نے حال ہی میں نئی حج پالیسی کی منظوری دی ہے جس کے تحت سرکاری سکیم میں حج کی لاگت تقریباً 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے تک ہوگی، جبکہ قربانی کے لیے اضافی 55 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
حکومت نے حج کے اخراجات قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت بھی دی ہے۔ درخواست جمع کراتے وقت 2 لاکھ روپے کی ابتدائی قسط ادا کرنی ہوگی، اور اگر نام قرعہ اندازی میں آ جائے تو 10 دن کے اندر 4 لاکھ روپے مزید ادا کرنے ہوں گے۔ بقیہ رقم 10 فروری 2025 تک جمع کرانا ضروری ہوگا۔
پاکستان کا حج کوٹہ 1,79,210 مقرر کیا گیا ہے، جس میں سرکاری اور نجی انتظامات کے لیے مساوی نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ عازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے "روڈ ٹو مکہ” سہولت اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر دستیاب ہوگی۔
حج پالیسی کے تحت خواتین کو بغیر محرم کے سفر کی اجازت دی گئی ہے، بشرطیکہ والد یا شوہر کا بیان جمع کرایا جائے۔ حکومت نے 5,000 عازمین کے لیے "ڈالر سکیم” بھی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت وہ غیر ملکی کرنسی میں ادائیگی کر سکتے ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ سعودی ایئرلائن اور دیگر مقامی ایئرلائنز کے ساتھ بھی معاہدے کیے جائیں گے تاکہ عازمین کے پاس مزید سفر کی سہولتیں موجود ہوں۔ حج گروپ آرگنائزرز وزارت کے ساتھ سروس پروائیڈر معاہدے کریں گے اور ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کی نگرانی کی جائے گی۔