ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (RSIFF) اپنے چوتھے ایڈیشن کے لیے تیار ہے، جو آج سے 14 دسمبر 2024 تک جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں ہوگا۔ یہ جگہ یونیسکو کے عالمی ورثے میں شامل ہے۔ اس سال کا تھیم "دی نیو ہوم آف فلم” رکھا گیا ہے، جو فیسٹیول کی اس خاص مقام پر واپسی اور سعودی عرب کی ترقی کرتی فلم انڈسٹری اور ثقافت کو نمایاں کرتا ہے-
فیسٹیول میں 81 ممالک کی 120 سے زیادہ فلمیں دکھائی جائیں گی، جن میں کہانیوں پر مبنی فلمیں، دستاویزی فلمیں، اور اینیمیٹڈ تخلیقات شامل ہیں۔
انٹرنیشنل اسپیکٹیکلر سیکشن کی چند اہم فلمیں بھی شامل ہیں۔ "ماریا”: جس میں انجلینا جولی نے اوپیرا سنگر ماریا کالاس کا کردار ادا کیا ہے۔
"وی لیو ان ٹائم”: ایک رومانوی اور مزاحیہ ڈرامہ، جس میں اینڈریو گارفیلڈ اور فلورنس پگ اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
"نیپولی” نیویارک”: آسکر یافتہ ہدایتکار گیبریل سالواٹورز کی بنائی ہوئی ایک تاریخی ڈرامہ فلم، جو فیڈریکو فیلینی کے ایک آئیڈیا پر مبنی ہے۔
فیسٹیول میں دو مشہور اداکاراؤں کو ان کی شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا جن میں مونا زکی جو مشہور مصری اداکارہ ہیں اور ویولا ڈیوس جنھوں نے آسکر جیتا ہے شامل ہیں جنہیں عرب سینما میں ان کی خدمات کے لیے اعزاز دیا جائے گا اور فلم اور ٹیلی ویژن میں ان کی غیر معمولی کامیابیوں پر سراہا جائے گا۔
بالی ووڈ کے بڑے ستارے بھی ان-کنورسیشن سیریز کا حصہ بنیں گے۔ جن میں عامر خان،کرینہ کپور، رنبیر کپور اور دیگر بھارتی اداکار شامل ہیں۔کرینہ کپور خان 6 دسمبر کو ناظرین کے ساتھ گفتگو کریں گی۔رنبیر کپور 8 دسمبر کو اپنی فلمی زندگی اور کیریئر کے تجربات پر روشنی ڈالیں گے۔
جدہ کے تاریخی علاقے البلد کے خوبصورت پس منظر میں منعقد ہونے والا یہ فیسٹیول دنیا بھر کے فلم سازوں، فنکاروں، اور ناظرین کو جوڑنے کا مقصد رکھتا ہے۔ متنوع لائن اپ اور نامور شرکاء کے ساتھ، RSIFF 2024 ایک اہم ایونٹ ثابت ہوگا، جو عالمی سینما میں اپنی منفرد حیثیت قائم کرے گا۔