کل منگل کو پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف دو روزہ دورے پر سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض پہنچے۔ جہاں انھوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ دروان ملاقات پاکستانی وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انھوں نے قبول کرلیا ہے۔
شہباز شریف ریاض میں ہونے والے ون واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچے ہیں۔ سعودی عرب، فرانس، قازقستان اور عالمی بینک کے مشترکہ پہلے سربراہی اجلاس کا مقصد عالمی تعاون کو فروغ دینا اور آبی وسائل کے انتظام کے لیے مربوط بین الاقوامی ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم دنیا میں پانی کی کمی اور بعض اوقات سیلابوں کی صورت میں ہونے والی تباہی پر اظہارِ خیال کریں گے۔
اس سے پہلے ریاض میں وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ایک خوشگوار ملاقات ہوئی۔ سعودی ولی عہد نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ گزشتہ چھے ماہ کے دوران انھوں نے پانچویں بار پاکستانی وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے۔ سعودی ولی عہد نے کہا کہ یہ وہ احترام ہے جو دونوں ممالک کے لوگوں کو جوڑتا ہے۔
سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بعد پاکستانی وزیر اعظم نے فرانسیسی صدر سے بھی ملاقات کی جو واٹر سمٹ میں شرکت کے لیے سعودی عرب کی دعوت پر ریاض میں موجود ہیں۔