امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے مغربی ساحل پر آنے والے سمندری طوفان ملٹن سے اب تک 10 افراد کی موت ہوگئی ہے اور سینکڑوں لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ طوفان نے ٹروپیکانا فیلڈ اسٹیڈیم کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
فلوریڈا سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا ہے کہ شدید طوفانی ہواؤں اور پانی کے تیز بہاؤ سے ساحلی علاقوں کی شہری آبادی بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی انتظامیہ فلوریڈا میں آنے والے ملٹن طوفان کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے دستیاب ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
جبکہ امریکہ کے صدارتی امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ملٹن طوفان کے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ صدر جو بائڈن نے ایک روز قبل واشنگٹن ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملٹن طوفان کو صدی کا سب سے بڑا اور خطرناک طوفان قرار دیا تھا۔