پنجاب پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق نے ایک قابلِ فخر کارنامہ سرانجام دیا ہے، ان کے پانچ بچوں نے ایم بی بی ایس مکمل کیا ہے اور ان کی چھوٹی بیٹی حبیبہ نے ایم کیٹ میں 96 فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے ہیں۔
یہ کامیابی نہ صرف انصر رزاق کی شبانہ روز محنت کا ثبوت ہے بلکہ ان کی بچوں کی تعلیم پر توجہ اور لگن کی بھی عکاس ہے۔
ان کے پانچوں بچے ڈاکٹر ماریہ، ڈاکٹر نویرا، ڈاکٹر مدیحہ، ڈاکٹر محمد علی رضا، اور ڈاکٹر محمد حسن نے مختلف میڈیکل کالجز سے اپنی تعلیم مکمل کی۔
انصر رزاق کا کہنا ہے کہ بچوں کی تعلیم میں دشواریوں کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری، اور یہ کامیابی پوری فیملی کے لیے فخر کا باعث ہے۔
ان کے بچوں نے نہ صرف اپنے والد کی محنت کا صلہ دیا بلکہ معاشرے میں ایک مثبت پیغام بھی دیا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود تعلیم پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔
حبیبہ کی ایم کیٹ میں شاندار کارکردگی مزید امیدوں کو جنم دیتی ہے کہ وہ بھی جلد اپنے بہن بھائیوں کی طرح میڈیکل فیلڈ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑیں گی۔
یہ کہانی پولیس فورس کے اہلکاروں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال ہے، جو اپنے سخت حالاتِ کار کے باوجود بچوں کی تعلیم کو ترجیح دیتے ہیں۔
انصر رزاق نے مشکلات کے باوجود اپنے بچوں کی تعلیم پر بھرپور توجہ دی، جس کی بدولت یہ کامیابی ممکن ہوئی۔
پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، جس میں ان کی انتھک محنت اور قربانیوں کو سراہا گیا۔