میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی وزیر دفاع اور حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف نے لندن پولیس کو ایک شکایت درج کروائی ہے جس میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے انھیں پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران ہراساں کیا گیا اور قتل کی دھمکیاں دی گئیں۔
اس سے پہلے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ خواجہ آصف ایک بس یا ٹرین میں سفر کر رہے ہیں اور انھیں اردو میں کوئی شخص گالیاں دے رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ یہاں چھریاں بھی ماردی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے لندن میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے حمایتیوں اور پاکستان مسلم لیگ ن کے حمایتیوں کے درمیان کافی گرما گرمی چل رہی ہے۔ دونوں جماعتوں کے کارکنان ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی اور ہاتھاپائی کرتے دکھائی دیے ہیں۔
جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے برطانیہ میں مقیم پی ٹی آئی کارکنان کے پاکستانی کاغذات کی معطلی اور سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف ہُلڑبازی کرنے پر ان کی پاکستان واپسی کی درخواستیں بھی برطانوی حکومت کو دی گئی ہیں۔