بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے۔ علیمہ خان کے مطابق بانی تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پورا پاکستان 24 نومبر کو نکلے اور اپنے چوری کیے گئے مینڈینٹ کی واپسی کے لیے اسلام آباد پہنچے۔
علیمہ خان نے بتلایا کہ بانی پی ٹی آئی بہت پر امید ہیں کہ ایک دن ضرور نیا پاکستان بنے گا اور قوم قابض حکمرانوں سے نجات حاصل کرے گی۔ علیمہ خان نے پوری قیادت اور عوام کو بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ جس فائنل کال کے منتظر تھے وہ دے دی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہر قصبے، گاؤں، تحصیل، ضلعے اور صوبے سے لوگ جوق در جوق اسلام آباد پہنچیں اور اپنے قائد کی ہدایات کے مطابق اپنا حق واپس لینے کی جمہوری جدو جہد کا حصہ بنیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام نے مینڈیٹ پی ٹی آئی کو دیا تھا قابض حکمرانوں کو نہیں۔