پاکستان کے علماء اور شرعی ماہرین پر مشتمل وفاقی ادارے اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ وی پی این (VPN) کا استعمال شرعاً جائز نہیں ہے۔ واضح رہے کہ وی پی این کے ذریعے ڈیوائس کی لوکیشن اور یوزر کی شناخت کو چھپا دیا جاتا ہے۔
اس کا استعمال عموما ممنوعہ مواد تک رسائی حاصل کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اسے اُن ممالک میں انٹرنیٹ یا سوشل میڈیا تک رسائی حاصل کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے جہاں سوشل میڈیا کو بند کردیا گیا ہے۔ وی پی این کے ذریعے ممنوعہ مواد کو اپلوڈ بھی کیا جاتا ہے اور دیکھا بھی جاتا ہے۔
وی پی این کا استعمال انٹرنیٹ کی سپیڈ کو تیز کرنے اور خود کو چھپانے کے لیے بھی کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ایکس گزشتہ کئی مہینوں سے بند ہے۔ ایکس صارفین اسے وی پی این کے ذریعے چلاتے ہیں۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا ہے کہ جہاں ریاست اور حکومت وی پی این کے استعمال پر پابندی عائد کردے وہاں اس کا استعمال حرام ہوجاتا ہے۔
انھوں نے کہا خصوصاً فحش، ممنوعہ اور متنازعہ مواد جس کو صرف وی پی این کے ذریعے دیکھنا ممکن ہو، اس کے لیے وی پی این کا استعمال کرنا قطعاً حرام ہے۔ ریاستی احکامات کا احترام واجب اور ضروری ہے۔