سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مریم نواز نے ان سے قومی ایئرلائن پی آئی اے خریدنے کی صلاح مانگی ہے۔ ان کو رائے دی ہے کہ یا تو پی آئی اے خرید لیں یا کوئی نئی ایئر لائن شروع کر دیں۔
لندن روانگی سے قبل امریکہ میں پارٹی ورکرز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت پی آئی اے خریدنے پر غور کر رہی ہے۔
نوازشریف نے بتایا کہ پنجاب حکومت کو تجویز دی ہے کہ پی آئی اے خرید لیں یا کوئی نئی ایئرلائن شروع کریں جو ڈائریکٹ لاہور، کراچی یا پشاور سے نیو یارک ، لندن اور ٹوکیو سمیت دنیا کے ہر حصے میں جائے، ہم اس کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے تحت پاکستان کو اپنے خسارے میں چلنے والے چند قومی اداروں کی نجکاری کرنا ہے اور اسی سلسلے میں قومی ائیرلائن کی نجکاری کے سلسلے میں جمعرات کو اسلام آباد میں بولی لگائی گئی ہے۔
پاکستان کے نجکاری کمیشن کی جانب سے بولی سے قبل اس کی کم از کم قیمت 85 ارب روپے رکھی گئی تھی تاہم پاکستان کی قومی ایئر لائنز پی آئی اے کی نجکاری کے سلسلے میں ایک نجی کمپنی کی طرف سے اسے محض 10 ارب روپے میں خریدنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
میاں نواز شریف نے کہا کہ مریم نے مجھے کہا کہ ہم پی آئی کو ایکوایر نہ کر لیں اور برینڈ نیو جہاز لے کر آئیں۔ اسے ایئر پنجاب کا نام دے سکتے ہیں۔ جس پر جواباً میں (نواز شریف) نے کہا کہ آپ نئی ایئر لائن بھی اسٹیبلش کرسکتی ہیں جو دنیا کے ہر حصے میں جائے۔ اب اس کے حوالے سے غور ہو رہا ہے۔