ریاض کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر میں سعودی عرب نے ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی بار ایک 16 سالہ نوجوان کے لیے روبوٹک ہارٹ ٹرانسپلانٹ کامیابی سے انجام دیا۔
یہ سرجری سعودی سرجن ڈاکٹر فارس خلیل کی سربراہی میں 2.5 گھنٹے تک جاری رہی اور ٹیم نے سینہ چیرے بغیر دل تک پہنچنے کے لیے جدید طریقہ اختیار کیا۔
اس کامیابی کے لیے، آپریشن سے قبل تین دن میں سات بار ورچوئل سرجری کی مشقیں کی گئیں، جبکہ منصوبہ بندی اور ہر رکن کے کردار کا تعین بھی تفصیل سے کیا گیا تھا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس کامیابی پر ٹیم کو اپنے دفتر میں ملاقات کی دعوت دی اور ان کی محنت کو سراہا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے میڈیکل ٹیم کی جدت پسندانہ کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ یہ کامیابی سعودی ویژن 2030 کے طبی مقاصد کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال کے سربراہان، بشمول بورڈ کے چیئرمین مازن الرمیح، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ماجد الفیاض، اور نائب صدر ڈاکٹر بیجورن زوئیگا بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے۔
انہوں نے بھی ولی عہد کی جانب سے ملنے والے حوصلے اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر فارس خلیل نے کہا کہ ولی عہد سے ملاقات نے ان کے ٹیم کے جذبے کو مزید تقویت دی اور انہیں طبی میدان میں ملک کی خدمت کے لیے مزید کام کرنے کی تحریک ملی ہے۔